وزیراعظم شہباز شریف 15 ستمبر کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقد ہونے والے عرب اسلامک ہنگامی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے دوحہ روانہ ہوں گے۔
یہ اجلاس خطے میں جاری کشیدگی خصوصاً غزہ پر اسرائیلی حملوں اور قبضے کی کوششوں کے تناظر میں بلایا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس اہم اجلاس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے سربراہان، حکومتی نمائندے اور اعلیٰ حکام شرکت کریں گے، جہاں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور خطے میں امن و سلامتی کے لیے مشترکہ موقف اختیار کیے جانے کا امکان ہے۔
عرب اسلامک سمٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں 14 ستمبر کو وزرائے خارجہ کا اجلاس منعقد ہوگا، جس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 11 ستمبر کو بھی قطر کا دورہ کیا تھا، جس کا مقصد اجلاس سے قبل دو طرفہ مشاورت اور علاقائی اتحاد کے فروغ کے لیے قطری قیادت سے تبادلہ خیال کرنا تھا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے قطر کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور علاقائی یکجہتی، امن اور تعاون کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتا رہے گا۔