نور مقدم کیس میں سپریم کورٹ سے بڑی خبر آگئی

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے مجرم ظاہر جعفر کی نظر ثانی درخواست پر سماعت تین ہفتوں تک ملتوی کردی گئی ہے۔

جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے نور مقدم کیس کی سماعت کی۔ ظاہر جعفر کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے آغاز پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے وکیل سے مکالمہ کیا کہ پہلے تو سلمان صفدر وکیل تھے، جس پر ایڈووکیٹ خواجہ حارث نے کہا کہ قانون تبدیل ہو گیا، نظر ثانی میں اب وکیل تبدیل ہو سکتا ہے۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے سوال کیا کہ کیا قانون کسی کیلئے تبدیل ہوا یا کسی اصول پر تبدیل ہوا ہے؟

جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں فیصلہ میں نے لکھا ہے، جسٹس علی باقر نجفی کا ایڈیشنل نوٹ ابھی آنا باقی ہے، ہو سکتا ہے آپ کو ایڈیشنل نوٹ کا کوئی فائدہ مل جائے، ایڈیشنل نوٹ آنے تک سماعت ملتوی کر دیتے ہیں۔

بعدازاں سپریم کورٹ نے مجرم ظاہر جعفر کی نظر ثانی درخواست پر سماعت تین ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔

Related posts

2022 میں پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلیے ترک بچے کی امداد کا خط پھر وائرل

ملیرندی میں پانی کی سطح میں کمی، کازوےکی سڑک تاحال ٹریفک کیلئے بند

ملک میں زرعی ایمرجنسی نافذ کی جائے، پیپلزپارٹی کا وفاقی حکومت سے مطالبہ