اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے علاقوں مہمند، شمالی وزیرستان اور بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
وزیراعظم نے 19 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کے لیے برسرپیکار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم دفاع وطن کے غیر متزلزل عزم میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردوں کے خلاف قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ ریاستی عمل داری قائم رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے آپریشنز جاری رہیں گے۔