سیکیورٹی فورسز کی تین کارروائیوں میں 19 خارجی دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی: پاک فوج نے خیبرپختونخوا میں 9 اور 10 ستمبر کو تین مختلف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 19 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا میں 9 اور 10 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے تین مختلف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے، جن میں مجموعی طور پر 19 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی مہمند کے علاقے گلونو میں کی گئی، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے گھیراؤ کیا۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 14 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔

دوسری کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے چار خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

تیسری کارروائی ضلع بنوں میں عمل میں آئی، جہاں جھڑپ کے دوران ایک خارجی دہشت گرد مارا گیا۔

ترجمان کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ تینوں علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز وطن عزیز کو بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Related posts

متحدہ عرب امارات کے صدر اور بحرین کے بادشاہ دوطرفہ تعلقات – متحدہ عرب امارات پر بات چیت کرتے ہیں

برساتی پانی کھڑا ہونے سے مختلف شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام، شہریوں کو شدید مشکلات

لیاقت پور میں کشتی حادثہ، نو افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے، چھ لاشیں برآمد