کراچی میں آج موسلادھار بارش کی پیشگوئی؛ اربن فلڈنگ کا خطرہ، شہری محتاط رہیں

محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج شدید موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو اربن فلڈنگ کے ممکنہ خطرے سے خبردار کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج 4 سے 6 بارش کے اسپیل متوقع ہیں، جن میں بعض علاقوں میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش بھی ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ یہ ایک غیر معمولی موسمی نظام ہے جو بھارت کی طرف سے سندھ میں ڈیپریشن یا ڈیپ ڈیپریشن کی صورت میں داخل ہو رہا ہے۔ اس موسمی سسٹم کا راستہ غیر واضح اور پیچیدہ ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارش کی شدت مختلف ہو سکتی ہے۔

اربن فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ

شدید بارشوں کے پیش نظر شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملیر ندی میں بھی گزشتہ روز کئی برسوں بعد سیلابی کیفیت پیدا ہوئی، جسے مقامی افراد نے خطرناک قرار دیا۔

جامعات میں سرگرمیاں معطل، آن لائن کلاسز کا اعلان

موسمی حالات کے باعث جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے آج ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔

 یونیورسٹی انتظامیہ نے طلباء و اساتذہ کے لیے ورک فرام ہوم پالیسی نافذ کر دی ہے اور تمام تعلیمی سرگرمیاں آن لائن منتقل کر دی گئی ہیں۔

 وائس چانسلر کے مطابق طلباء اور عملے کی جان و مال کی حفاظت کو مقدم رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

شہریوں کے لیے احتیاطی ہدایات

گزشتہ روز سے کراچی میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں اور ننگی تاروں سے دور رہیں، گہرے پانی والے علاقوں میں جانے سے اجتناب کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔

Related posts

پاکستان کے بڑے ڈیمز میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ، کئی ڈیمز مکمل بھر گئے

قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 77ویں برسی پر مزارِ قائد پر تقریب، وزیراعلیٰ سندھ کی حاضری

متحدہ عرب امارات کے صدر اور بحرین کے بادشاہ دوطرفہ تعلقات – متحدہ عرب امارات پر بات چیت کرتے ہیں