یو اے ای نیول کمانڈر کی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور ایئر چیف سے اہم ملاقاتیں، صدر مملکت نے نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نواز دیا

اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کی بحری افواج کے  کمانڈر میجر جنرل حمید محمد عبداللہ نے جنرل ساحر شمشاد مرزا اور ایئر چیف سے اہم ملاقاتیں کی جب کہ صدر مملکت نے نیول کمانڈر کو نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نواز دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق متحدہ عرب امارات کی بحری افواج کے کمانڈر میجر جنرل حمید محمد عبداللہ نے پاکستان کے اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کیں جن میں دفاعی تعاون، خطے کی سکیورٹی اور مشترکہ تربیت کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یو اے ای نیول کمانڈر نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔

اس موقع پر پیشہ ورانہ امور اور بدلتے ہوئے عالمی و علاقائی جیو اسٹریٹجک ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے دوطرفہ دفاعی و سکیورٹی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا اور خصوصاً میری ٹائم تعاون کو علاقائی امن و استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز آمد پر معزز مہمان کو مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ایئر چیف سے ملاقات

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی یو اے ای نیول کمانڈر نے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی۔ ملاقات میں مشترکہ تربیت، عسکری تعاون اور مشترکہ آپریشنل مشقوں کو مزید فروغ دینے پر غور کیا گیا۔

ایئر چیف نے پاک فضائیہ کو جدید، تیز اور ٹیکنالوجی پر مبنی فضائی قوت بنانے کے ویژن پر روشنی ڈالی اور سائبر، خلائی، مصنوعی ذہانت، الیکٹرانک وارفیئر اور ایرواسپیس کے شعبوں میں جاری اپ گریڈیشن پروگرامز سے آگاہ کیا۔

صدر پاکستان کی جانب سے اعزاز

ایوانِ صدر اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے میجر جنرل حمید محمد عبداللہ الرُمیثی کو نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نوازا۔

اس موقع پر صدر نے کہا کہ یہ اعزاز یو اے ای کمانڈر کی نمایاں خدمات اور دفاعی شعبے میں گراں قدر تعاون کا اعتراف ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک خطے کے امن و استحکام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے یو اے ای کی امن ڈائیلاگ 25 اور مشق امن 25 میں شمولیت کو بھی سراہا۔

مشترکہ تعلقات کی مضبوطی

تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور سابق چیئرمین سینیٹ نئیر بخاری بھی شریک تھے۔ اس موقع پر کمانڈر الریمیثی نے بتایا کہ انہوں نے پاکستان نیول اکیڈمی کراچی سے گریجویشن کیا تھا اور پاکستان سے ان کا دیرینہ تعلق ہے۔

Related posts

پاکستان میں سیلاب سے نقصانات کا ذمے دار بھارت ہے، عاصم افتخار

میجرعزیز بھٹی کا 60 واں یوم شہادت آج، فیلڈ مارشل اورافواج پاکستان کاخراج عقیدت پیش

فلسطین ہمارا خطہ ہم ہی اسکے مالک ہیں، نیتن یاہو نے متنازع معاہدے پر دستخط کردیے