سیلاب متاثرین کیلیے وزیر خارجہ عالمی سطح پر باضابطہ مدد کی اپیل کریں، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد وزیر خارجہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلیے عالمی سطح پر باضابطہ مدد کی اپیل کریں۔

مظفرگڑھ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان بھر میں سیلاب نے تباہی مچائی ہے اور پورا ملک اس قدرتی آفت سے متاثر ہے۔

 انہوں نے کہا کہ سیلاب نے نہ صرف جنوبی پنجاب بلکہ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخواہ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان پنجاب میں ہوا ہے۔ انہوں نے خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور عوام کی مشکلات کو اپنی آنکھوں سے دیکھا۔

سیلاب متاثرین کی بحالی کا مرحلہ ابھی باقی ہے اور اس میں حکومت کی فوری مداخلت ضروری ہے، بلاول بھٹو نے پنجاب کے کسان طبقے کو خاص طور پر متاثرہ قرار دیا، جنہیں سیلاب نے شدید نقصان پہنچایا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کسانوں کے لیے حکومت سے فوری اقدامات کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو بیج اور کھاد کی فراہمی میں سپورٹ فراہم کی جانی چاہیے اور سیلاب کے دوران ان کے بجلی کے بل معاف کیے جانے چاہئیں۔

بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت سے زرعی ایمرجنسی کا اعلان کرنے اور سپورٹ پرائس پالیسی پر نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کیا۔

بلاول بھٹو نے عالمی سطح پر پاکستان کے لیے حمایت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ کو فوری طور پر عالمی سطح پر پاکستان کی مدد کے لیے باضابطہ اپیل کرنی چاہیے۔

ہمیں فوری طور پر اقوام متحدہ میں جانا چاہیے تاکہ عالمی برادری سے مدد حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے دوست ممالک سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کے لیے تیار ہیں اور حکومت کو انہیں اس میں شامل کرنا چاہیے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے وفاقی حکومت سے اپیل کی کہ وہ صوبوں کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کی مدد کرے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کے شروع سے لے کر اختتام تک کسانوں کے بل معاف کرنے چاہیے اور ریلیف کے بعد ان کی بحالی کے لیے ری کنسٹرکشن اور ری ہیبلی ٹیشن کا عمل شروع کرنا چاہیے۔

بلاول بھٹو نے سیلاب متاثرین کی مدد کے حوالے سے ماضی میں کی جانے والی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی سیلاب متاثرین کے لیے 21 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا، اور موجودہ سیلاب میں بھی ہمیں غریبوں کی مدد کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔

آخر میں بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ سیاسی بیان بازی کا وقت نہیں ہے، ہمیں اس وقت صرف متاثرین کی مدد پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے اور سیاسی کھیل سے گریز کرنا چاہیے۔

Related posts

اسرائیلی کو روکنے کےلئے تمام اقدامات بروئے کارلائیں گے ، سعودی ولی عہد

امریکا میں سیاسی کارکن اور مصنف چارلی کرک کو گولی ماردی گئی

قائد اعظم محمدعلی جناح کی برسی آج، پوری قوم کی جانب سے خراج عقیدت پیش