کراچی : 12 سالہ گھریلو ملازمہ زینب پر بدترین تشدد، میاں بیوی گرفتار

کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 طارق روڈ کے عقب میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 12 سالہ گھریلو ملازمہ زینب کو مبینہ طور پر میاں بیوی نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ بچی کو استری کی مدد سے جلایا گیا، جس کے نشانات اس کی کمر، بازو اور ٹانگوں سمیت پورے جسم پر واضح ہیں۔ شدید زخمی حالت میں زینب کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ملازمہ سے مالکن کا دوپٹہ استری کرتے ہوئے جل گیا، جس پر میاں بیوی نے شدید تشدد کیا۔

بچی کی والدہ نے ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا کہ 31 اگست کو مالکن نے فون پر اطلاع دی کہ آپ کی بیٹی کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔

فیروز آباد پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

یہ افسوسناک واقعہ ایک بار پھر گھریلو ملازمین خصوصاً کم عمر بچوں کے تحفظ اور ان کے حقوق کے حوالے سے سوالات کھڑا کرتا ہے۔

Related posts

وزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشنز پر خراج تحسین

عبد اللہ بن زید اور مصر کے وزیر خارجہ نے بات چیت کی – متحدہ عرب امارات

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر روانہ، امیر قطر سے اہم ملاقات متوقع