کراچی، 12 ربیع الاول کے جلوسوں کے لیے ٹریفک پولیس کا خصوصی پلان جاری

کراچی میں 12 ربیع الاول کے موقع پر جلوسوں کے پرامن اور منظم انعقاد کے لیے ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔

 ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہر بھر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام اضلاع کے ایس ایس پیز ٹریفک کو اپنے علاقوں میں جلوسوں کی نگرانی کی ہدایت دی گئی ہے۔

ٹریفک پلان کے تحت دو بڑے مرکزی جلوس میمن مسجد سے روانہ ہوں گے۔ پہلا جلوس معروف عالم دین مولانا اکبر درس کی قیادت میں دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر میمن مسجد سے شروع ہو گا اور آرام باغ مسجد پر اختتام پذیر ہوگا۔

دوسرا اور مرکزی جلوس مولانا شاہ عبدالحق قادری کی قیادت میں سہ پہر 3 بجے کے بعد روانہ ہوگا، جو نشتر پارک پر جا کر ختم ہو گا۔

پولیس کے مطابق، جلوس کے راستوں پر عام ٹریفک کی آمد و رفت بند رہے گی۔ کسی بھی ٹریفک کو گرومندر سے نمائش جانے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ ایم اے جناح روڈ پر عام گاڑیوں کا داخلہ مکمل طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

صرف ان گاڑیوں کو ایم اے جناح روڈ پر داخلے کی اجازت ہو گی جن پر جلوس میں شرکت کے خصوصی اسٹیکرز ہوں گے۔

متبادل راستوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ضلع وسطی سے آنے والی ٹریفک کو لسبیلہ، نشتر روڈ اور گارڈن کی طرف موڑ دیا جائے گا، جبکہ ضلع شرقی کی ٹریفک کو شاہراہ قائدین، کشمیر روڈ اور سولجر بازار کی طرف روانہ کیا جائے گا۔

ضلع جنوبی سے آنے والی ٹریفک کو گل پلازہ، کوسٹ گارڈ اور پاکستان چوک کی طرف موڑا جائے گا۔

ایم آر کیانی چوک سے کورٹ روڈ کی جانب ٹریفک کی روانگی کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہیوی ٹریفک کو لیاقت آباد نمبر 10، ناظم آباد چورنگی نمبر 2 اور شیرشاہ کی طرف موڑا جائے گا تاکہ جلوسوں کے راستوں پر کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متبادل راستے اختیار کریں تاکہ وہ بغیر کسی تاخیر کے اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔ شہریوں کی سہولت کے لیے ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915 پر 24 گھنٹے مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ربیع الاول کے جلوسوں کو پُرامن ماحول میں منعقد کرانا اور شہریوں کو محفوظ ٹریفک نظام فراہم کرنا ہے۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں سے صبر و تحمل اور مکمل تعاون کی اپیل بھی کی ہے۔

Related posts

اسرائیل نے قطر کی خود مختاری پر حملہ کیا، بھرپورمذمت کرتے ہیں ، روس کاردعمل آگیا

ملک میں زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگیا

8 سال بعد گھریلو گیس کنکشنز کی پابندی ختم کردی گئی