دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند، حفاظتی بند ٹوٹنے سے بستیوں میں سیلابی پانی داخل

وہاڑی: دریائے ستلج میں ہیڈ اسلام کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث صورتحال سنگین ہوگئی ہے۔

دریائے ستلج میں پانی کے شدید دباؤ کے نتیجے میں موضع جھیڈو کا سات کلومیٹر طویل حفاظتی بند اور مقامی زمینداروں کی جانب سے بنایا گیا ایک اور حفاظتی بند ٹوٹ گیا جس کے بعد قریبی دیہات میں سیلابی ریلے داخل ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق بند ٹوٹنے سے سیلابی پانی ابتدائی طور پر موضع شرف، موضع اکبر شاہ اور موضع فتوالہ چکر کی رہائشی آبادیوں میں داخل ہوا، جہاں گھروں کے ساتھ ساتھ کھڑی فصلیں بھی متاثر ہوئیں۔

اب تک سیکڑوں ایکڑ زرعی زمین زیرِ آب آچکی ہے جس سے کاشتکاروں کو بھاری نقصان کا خدشہ ہے۔ اچانک پانی آنے کے باعث علاقے میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگ اپنے مال مویشیوں اور بچوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق مقامی آبادی پچھلے کئی روز سے اپنی مدد آپ کے تحت بند کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی تھی اور ٹریکٹرز کے ذریعے مٹی ڈال کر حفاظتی اقدامات کیے جارہے تھے، تاہم پانی کے شدید دباؤ کے باعث بند میں شگاف پڑگیا۔

سیلابی ریلوں نے پہلے ہیڈ اسلام کی مشرقی سمت میں تباہی مچائی تھی لیکن اب پانی کا رخ مغربی طرف ہوگیا ہے جس سے مزید بستیاں متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ دیہات میں پہنچ چکی ہیں جب کہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔

Related posts

وزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشنز پر خراج تحسین

عبد اللہ بن زید اور مصر کے وزیر خارجہ نے بات چیت کی – متحدہ عرب امارات

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر روانہ، امیر قطر سے اہم ملاقات متوقع