الیکشن کمیشن نے پنجاب میں 9 حلقوں کے ضمنی انتخابات ملتوی کر دیے

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے باعث 9 حلقوں میں ضمنی انتخابات موخر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں انتخابی عمل مؤخر کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق، پنجاب میں سیلاب کے باعث مواصلاتی نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو چکا ہے، جب کہ متعدد علاقوں میں سرکاری و نجی انفراسٹرکچر، بالخصوص اسکولوں کی عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں، جو عام طور پر پولنگ اسٹیشنز اور انتخابی ریکارڈ کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے جن حلقوں میں ضمنی انتخابات مؤخر کیے ہیں، ان میں شامل ہیں:

قومی اسمبلی کے حلقے:

این اے 66 (وزیرآباد)

این اے 96 (فیصل آباد)

این اے 104 (فیصل آباد)

این اے 129 (لاہور)

این اے 143 (ساہیوال)

پنجاب اسمبلی کے حلقے:

پی پی 73 (سرگودھا)

پی پی 87 (میانوالی)

پی پی 98 (فیصل آباد)

پی پی 203 (ساہیوال)

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وقت ریسکیو و ریلیف آپریشنز میں مصروف ہیں، جس کی وجہ سے انتخابی عمل کی انجام دہی ممکن نہیں رہی۔

بعض حلقوں کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (DROs) نے اطلاع دی ہے کہ پولنگ اسٹاف بھی ریلیف سرگرمیوں میں مصروف ہے، اور نئے پولنگ افسران کی تقرری کی درخواست کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ سیلاب سے سڑکیں، ریلوے لائنز، اور پولنگ اسٹیشنز بری طرح متاثر ہوئے ہیں، جب کہ سیکیورٹی اہلکاروں اور پولنگ عملے کی دستیابی بھی ممکن نہیں۔

ووٹنگ میں رکاوٹ کے اہم خدشات:

متاثرہ اضلاع میں ووٹرز کی بے دخلی اور

کم ٹرن آؤٹ کے امکانات

الیکشن کمیشن کے مطابق، حکومت پنجاب نے بھی ضمنی انتخابات مؤخر کرنے کی سفارش کی تھی، جس پر حالات کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ حالات معمول پر آنے کے بعد ہی ان حلقوں میں ضمنی انتخابات کا نیا شیڈول جاری کیا جائے گا۔

Related posts

انڈونیشیا میں قیامت خیز سیلاب، 2 جزیرے صفحہ ہستی سے مٹنے لگے، 19 افراد ہلاک

مون سون ختم ہونے والا ہے،ہزاروں دیہات زیرآب،900 افراد جاں بحق ہوئے،چیئرمین این ڈی ایم اے

آئی ایم ایف کیساتھ دوسرے اقتصادی جائزہ کیلئے شیڈول طے پا گیا