پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان نے بنگالی زبان میں ایک خوبصورت گانا گاکر پاکستان اور بنگلادیش کے عوام کے دل جیت لیے ہیں ۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، سفارتی اور عوامی سطح پر تعلقات میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے حالیہ جوشیلے دورہ بنگلادیش اور چند سال قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بنگلادیشی شائقین کی جانب سے والہانہ استقبال کے بعد، اب موسیقی کے شعبے میں بھی دونوں ممالک قریب آ رہے ہیں۔
راحت فتح علی خان نے بنگالی گلوکارہ رباعیت جہاں کے ساتھ مل کر گانا ‘تم امر پریم پیاشا’ گایا ہے، جو بہت پسند کیا جا رہا ہے۔
اس گانے کی ویڈیو اور آڈیو کو راحت فتح علی خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا، جہاں ان کے مداحوں نے اس کوشش کو خوب سراہا ہے۔
یہ گانا دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مضبوط کرنے میں ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔