اسلام آباد: قومی آفات سے نمٹنے کے ادارے (این ڈی ایم اے) نے ممکنہ سیلابی صورتحال پر فلڈ الرٹ جاری کر دیا ہے کیونکہ بھارت نے پاکستان کو دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑنے سے متعلق باضابطہ اطلاع دے دی ہے۔
بھارتی حکام کی جانب سے یہ اطلاع اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے ذریعے دی گئی، جس میں بتایا گیا ہے کہ دریائے ستلج میں آج صبح 8 بجے سے ہریکے اور فیروز پور کے مقام سے نیچے اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے سے دریائے ستلج کے کنارے آباد علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جس کے پیش نظر مقامی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور ممکنہ متاثرہ علاقوں میں پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ عوام کو بھی احتیاط برتنے، دریا کے قریب جانے سے گریز کرنے اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کسی ممکنہ جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔