لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں جنگلات کی بے دریغ کٹائی اور درختوں کی نیلامی کی آڑ میں جاری مبینہ کرپشن پر بڑا ایکشن لیتے ہوئے لکڑی کی روایتی نیلامی کے نظام پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔
پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار جنگلات کی لکڑی کی نیلامی کا پرانا نظام ختم کیا جا رہا ہے، جس کے تحت درختوں کی بے رحمانہ کٹائی کر کے سرکاری وسائل پر قبضہ کیا جاتا تھا اور مالی فائدہ چند افراد کی جیبوں میں چلا جاتا تھا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے جاری باضابطہ حکم نامے کے مطابق اب سے ایندھن سمیت جنگلات کی ہر قسم کی لکڑی کی نیلامی تاحکمِ ثانی بند کر دی گئی ہے، تاہم اس فیصلے کا مقصد جنگلات کا تحفظ، زمین کو کٹاؤ سے بچانا اور ماحولیاتی نظام کو بہتر بنانا ہے۔
مزید پڑھیں؛ جنگلات کا وجود ماحول، معیشت اور شہریوں کیلئے لائف لائن ہے
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر جنگلات، جنگلی حیات اور ماہی پروری کے محکمے کے ڈائریکٹر جنرل کو حکم نامے پر فوری اور مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
مریم نواز نے واضح کیا ہے کہ آئندہ لکڑی کی نیلامی کے کسی بھی عمل سے قبل جدید ٹیکنالوجی، میپنگ، اعلیٰ معیار کی وڈیوز اور تصاویر کے ذریعے مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور جنگلات کے تحفظ کو مقدم رکھا جائے۔
بعدازاں جنگلات کے تحفظ اور فروغ کے ماہرین نے وزیراعلیٰ پنجاب کے دلیرانہ فیصلہ کا خیرمقدم کیا ہے۔