جامشورو: ضلعی انتظامیہ جامشورو نے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر خطرناک صورتحال سے متعلق اعدادوشمار جاری کر دیئے ہیں، جن کے مطابق ضلع میں 64 ہزار آبادی کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق ممکنہ سیلاب کے باعث جامشورو کی 11 یونین کونسلز کے 118 دیہات زیر آب آ سکتے ہیں، جبکہ موجودہ صورتحال میں 3 یونین کونسلز کے 25 دیہات پہلے ہی سیلابی پانی کی زد میں آ چکے ہیں۔
زیر آب آنے والے علاقوں سے اب تک 16 ہزار 888 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے متاثرین کی مدد کے لیے ضلع بھر میں 45 ریلیف کیمپس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ محفوظ ٹھکانہ، خوراک اور طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صورتحال کے پیش نظر محتاط رہیں اور ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں۔