آج صبح بھارتی سپانسرڈ خوارج دہشت گردوں نے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز بنوں پر بزدلانہ حملے کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کے جذبے سے ناکام بنا دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، دہشت گردوں نے سیکیورٹی حصار توڑنے کی کوشش کی، تاہم چوکس اور پرعزم دستوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملے کو روک دیا۔
حملے میں بارود سے بھری گاڑی ایف سی ہیڈکوارٹرز کی بیرونی دیوار سے ٹکرا کر زوردار خودکش دھماکے سے پھٹ گئی، جس سے دیوار منہدم ہو گئی اور قریبی سویلین انفراسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
خودکش حملے میں تین شہری زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد دی گئی۔
اس دوران پاک فوج اور ایف سی کے 6 جوان دشمن کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔
جوابی کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے 5 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا اور علاقے کو مکمل طور پر کلئیر کر لیا گیا ہے۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا تدارک کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ یہ حملہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے کے لیے کی جانے والی پراکسی جنگ کا حصہ ہے۔ دشمن کی یہ چالیں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے ملک و ملت کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
پاک فوج اور سیکیورٹی ادارے ملکی خودمختاری اور امن کے دشمنوں کو ہر محاذ پر شکست دینے کے لیے پرعزم ہیں۔