غزہ سٹی پر اسرائیلی فوج کا حملہ، حاملہ خاتون اور نوزائیدہ بچے سمیت 100 فلسطینی شہید

اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی کے الشاطی پناہ گزین کیمپ کے قریب ایک گھر کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک حاملہ خاتون اور اس کا ہونے والا بچہ شہید ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی بمباری کے دوران غزہ سٹی کے زیتون اور صبرہ محلے بھی شدید حملوں کی زد میں آئے جہاں ایک ہزار سے زائد عمارتیں مسمار کی جا چکی ہیں، جبکہ اسرائیل کے حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 100 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: غزہ کا محاصرہ توڑنے، محصور فلسطینیوں کو خوراک پہنچانے کےلیے بارسلونا سے فلوٹیلا روانہ

میڈیا رپورٹس کے مطابق صرف انہی علاقوں میں 10 افراد شہید ہوئے۔ ناصر اسٹریٹ کے ایک مصروف بازار پر حملے میں 4 شہری جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے جس کے بعد شہر میں خوف و ہراس کی فضا مزید بڑھ گئی۔

مزید جنوب میں دیر البلح میں اسرائیلی فوج نے المزراعہ اسکول کو نشانہ بنایا۔ بعدازاں الاقصیٰ ہسپتال نے نوجوان انس سعید ابو مغصیب کی شہادت کی تصدیق کی۔

غزہ میں اسرائیلی محاصرے اور غذائی قلت نے قحط کو جنم دے دیا ہے۔ صرف پیر کو بھوک اور غذائی کمی کے باعث تین شیر خوار بچے دم توڑ گئے۔ اب تک بھوک سے مرنے والوں کی تعداد 350 تک جا پہنچی ہے، جن میں ایک تہائی بچے شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: اسرائیلی کابینہ کے اجلاس میں غزہ کو مکمل قبضے میں لینے پر غور

برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لی نے صورتحال کو اکیسویں صدی کا انسان ساختہ قحط قرار دیتے ہوئے اسرائیل پر شدید تنقید کی اور کہا کہ فوری بڑے پیمانے پر امدادی سامان پہنچانے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب اسرائیل میں ہلاک ہونے والے دو یرغمالیوں کی تدفین کی گئی، جہاں عوام نے حکومت پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیراعظم نیتن یاہو اقتدار کی ہوس میں ایسے فیصلے کر رہے ہیں جن سے مزید تباہی پھیل رہی ہے۔

اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زمیر نے بھی خبردار کیا کہ غزہ پر مکمل قبضے اور بغیر کسی بعد از جنگ منصوبے کے اسرائیل ایک خطرناک فوجی حکمرانی کی طرف بڑھ رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیلی جارحیت میں اب تک 63 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ غزہ سٹی کے دس لاکھ مکین بار بار بے گھر ہو کر مسلسل حملوں اور جبری نقل مکانی کا شکار ہیں، جہاں کسی محفوظ پناہ گاہ کا وجود نہیں رہا۔

Related posts

اسرائیلی کو روکنے کےلئے تمام اقدامات بروئے کارلائیں گے ، سعودی ولی عہد

امریکا میں سیاسی کارکن اور مصنف چارلی کرک کو گولی ماردی گئی

قائد اعظم محمدعلی جناح کی برسی آج، پوری قوم کی جانب سے خراج عقیدت پیش