بحرین کی افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل تھیاب صقر عبداللہ النعیمی نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون، مشترکہ تربیت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، فضائی افواج کی مشترکہ تربیت کو فروغ دینے اور ملٹی ڈومین وارفیئر کے میدان میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل النعیمی کی آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا، جس کے بعد وہ ائیر ہیڈ کوارٹرز پہنچے جہاں انہیں پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاریوں اور جدید تربیتی نظام سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور بحرین کے مابین دیرینہ مذہبی اور تاریخی روابط ہماری افواج کے مابین مضبوط اور پائیدار تعلقات کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے دوطرفہ عسکری تعاون، مشترکہ تربیت اور علمی استفادے کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ سفارتی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل تھیاب النعیمی نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت، آپریشنل تجربے اور تکنیکی برتری کو سراہا اور کہا کہ بحرینی افواج پاک فضائیہ کے تجربے سے سیکھنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔
انہوں نے بحرینی پائلٹس اور انجینئرز کے لیے جامع اور مشترکہ تربیتی پروگرامز کے آغاز میں دلچسپی ظاہر کی اور ملٹی ڈومین وارفیئر سے متعلق تربیت کے حصول کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اشتراک کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔