دریائے ستلج میں پاکپتن کے مقام پر سیلابی ریلا، آبادیوں میں تباہی، ہزاروں افراد متاثر

پاکپتن: دریائے ستلج میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی اور پاکپتن کے مقام پر سیلابی ریلا 1 لاکھ 54 ہزار 219 کیوسک تک پہنچ گیا۔

دریائے ستلج میں آنے والے سیلابی ریلے نے 80 کلو میٹر طویل دریائی بیلٹ میں تباہی مچا دی، جس سے متعدد گھر پانی میں ڈوب گئے اور ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق اب تک 10 ہزار سے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ 18 سو سے زائد مویشیوں کو بھی زندہ بچا لیا گیا ہے۔ تاہم متاثرہ افراد خوراک کی شدید قلت کا شکار ہیں اور مویشیوں کے لیے چارہ بھی نایاب ہوگیا ہے۔

کسانوں کے مطابق سیلابی ریلے نے ان کی کھڑی فصلیں مکمل طور پر تباہ کر دی ہیں جس سے زرعی معیشت کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔

سیلابی پانی کئی حفاظتی بند توڑ کر رہائشی آبادیوں میں داخل ہو چکا ہے جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

ریسکیو اور ضلعی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دریائی بیلٹ کی جانب نہ جائیں اور متاثرہ افراد کو فوری طور پر امداد کی فراہمی کے لیے تعاون کریں۔

Related posts

لندن میں چاہت فتح علی خان پر انڈوں سے حملہ، ویڈیو وائرل

کراچی، کورنگی جانے والے راستوں پر شدید ٹریفک جام کا وزیر اعلیٰ نے نوٹس لے لیا

ایشیاکپ 2025؛ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ بہترین کارکردگی کے لیے پرعزم