پی ڈی ایم اے پنجاب نے ایک سنگین اعلان کرتے ہوئے آئندہ 36 گھنٹوں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے، جس سے پنجاب بھر کے علاقوں میں شدید تباہی کا خدشہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کے مطابق، بھارت کی جانب سے سلال ڈیم کے تمام سپل ویز کھولے جانے کی اطلاعات ہیں، جس سے دریائے چناب میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔
تاہم بھارت نے آفیشلی پاکستان کو پانی چھوڑنے کی وارننگ نہیں دی، جو ایک سنگین بین الاقوامی مسئلہ بن چکا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 2 روز میں بڑا سیلابی ریلا ہیڈ مرالہ کے مقام تک پہنچنے کا امکان ہے، جس سے دریا کی سطح میں تیز ترین اضافہ ہو گا۔
پنجاب کے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ ممکنہ تباہی سے بچا جا سکے۔
عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران کو فیلڈ میں موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال کا فوری طور پر سامنا کیا جا سکے۔
اس وقت تمام ادارے سیلابی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور پنجاب کے تمام اضلاع میں فیلڈ میں موجود ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ سیلاب کی پیشگی اطلاع اور انتظامات کے لیے حکومتی اداروں سے رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔