مشکلات بڑھ گئیں ، ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 5 دن کی توسیع کردی گئی۔ ملزم کو 28 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کردی گئی ۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹونے نیشنل سائبرکرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی درخواست پرسماعت کی۔
این سی سی آئی اے نے 24 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی تھی،عدالت نے صرف 5 دن کی منظوری دی۔
وکیل ڈکی بھائی نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کا موبائل اورلیپ ٹاپ پہلے ہی ایجنسی کی تحویل میں ہیں۔ انہون نے دونوں کا فارنسک تجزیہ کرانے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہاکہ مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے۔
تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیاکہ ملزم سے تحقیقات کا عمل ابھی مکمل نہیں ہوا اور مزید ریمانڈ درکار ہے۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ریمانڈ میں توسیع کردی۔
واضح رہے کہ 19 اگست کو بھی عدالت نے ڈکی بھائی کے ریمانڈ میں 4 دن کی توسیع کی تھی۔
انہیں 17 اگست کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔