غزہ میں انسانی المیہ مزید سنگین ہو گیا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھوک اور غذائی قلت کے باعث مزید دو فلسطینی شہری شہید ہو گئے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھوک اور غذائی قلت کے باعث دو فلسطینی شہری جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد جنگ کے دوران بھوک سے مرنے والوں کی تعداد 271 ہو گئی ہے، ان میں 112 بچے بھی شامل ہیں۔
غزہ سٹی پر اسرائیلی حملوں میں اضافہ
اسرائیل نے غزہ سٹی پر حملے مزید تیز کر دیے ہیں اور شہر کو مکمل طور پر قبضے میں لینے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
اس دوران تقریباً 10 لاکھ افراد کو زبردستی بے دخل کیا گیا جبکہ فلسطینی گھروں کی منظم مسماری بھی جاری ہے۔
حماس کا الزام
حماس نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے عالمی ثالثوں کی جنگ بندی کی کوششوں کو نظرانداز کرتے ہوئے غزہ سٹی پر فوجی قبضے کی کارروائی کو آگے بڑھایا ہے۔
عالمی سطح پر مذمت
دنیا کے متعدد رہنماؤں نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں E1 بستی کی توسیعی منصوبے کی منظوری کی مذمت کی ہے۔ اس منصوبے سے رام اللہ اور بیت لحم کے درمیان باقی بچا ہوا رابطہ ختم ہو جائے گا۔
جانی نقصان کی تازہ تفصیلات
غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 62 ہزار 192 فلسطینی جاں بحق اور 1 لاکھ 57 ہزار 114 زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب 7 اکتوبر 2023 کے حملوں میں اسرائیل میں 1,139 افراد ہلاک اور 200 سے زائد افراد یرغمال بنائے گئے تھے۔