قومی اسمبلی نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت، انسانی حقوق کی پامالیوں اور بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے خلاف متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کر لی ہے۔
قرارداد پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن شازیہ مری نے پیش کی، جسے ایوان نے متفقہ رائے سے منظور کیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان غزہ میں اسرائیل کی جانب سے بھوک کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کرتا ہے۔ قرارداد میں اسرائیل کی جانب سے مسلسل سویلین آبادی کو نشانہ بنانے پر بھی سخت احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
مزید پڑھیں: قومی اسمبلی میں مہنگی بجلی کی گونج، 200 اور 201 یونٹ کا فرق ختم کرنے کا مطالبہ
ایوان نے او آئی سی (OIC) سمیت اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے خلاف عملی اقدامات کریں اور فلسطینی عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔
قرارداد میں ایک بار پھر پاکستان کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کے خلاف مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا گیا۔
قومی اسمبلی نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر فوری ایکشن لیں اور اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔