55 سالہ شگفتہ اعجاز نے زِپ لائننگ کرکے مداحوں کو حیران کردیا
لگا جیسے عقاب ہوں! شگفتہ اعجاز نے زِپ لائننگ کا تجربہ کرلیا
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے برطانیہ میں چھٹیوں کے دوران زِپ لائننگ کا تجربہ کرکے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔
شگفتہ اعجاز ان دنوں اپنی بیٹی کے پاس برطانیہ میں موجود ہیں جہاں وہ ویلز کے مختلف خوبصورت مقامات کی سیر کر رہی ہیں اور قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔
55 سالہ اداکارہ نے اپنی تفریح کے دوران زِپ لائن رائیڈ بھی کی۔ تجربہ مکمل کرنے کے بعد انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے شاندار قرار دیا اور کہا کہ مجھے یوں محسوس ہوا جیسے میں عقاب کی طرح اڑ رہی ہوں۔
شگفتہ اعجاز کی بیٹی کے مطابق اداکارہ نے ابتدا میں زِپ لائننگ کرنے سے انکار کیا تھا تاہم بعد میں بیٹی کے اصرار پر انہوں نے یہ مہم جوئی کرنے کا فیصلہ کیا۔
اداکارہ کے زِپ لائننگ کے تجربے کی ویڈیو اور تصاویر پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردِعمل سامنے آ رہے ہیں۔ کئی صارفین نے انہیں نئی سرگرمیاں آزمانے اور اپنی زندگی بھرپور انداز میں گزارنے پر سراہا ہے۔
