عمر، بوٹوکس اور سرجری! متھیرا نے بڑے رازوں سے پردہ اٹھادیا
متھیرا نے اپنی عمر اور کاسمیٹک پروسیجرز پر کھل کر اظہار کیا ہے
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف میزبان اور اداکارہ متھیرا نے پہلی بار اپنی عمر، خوبصورتی اور کاسمیٹک پروسیجرز سے متعلق کھل کر گفتگو کرتے ہوئے مختلف حقائق سے پردہ اٹھایا ہے۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران متھیرا نے بتایا کہ میری عمر 34 سال ہے اور میں اپنی شخصیت پر مکمل اعتماد رکھتی ہوں۔ انسان ہمیشہ جوان نہیں رہ سکتا تاہم خود پر یقین اور محنت انسان کو نمایاں بناتی ہے۔
متھیرا نے کہا کہ شہرت قسمت کے ساتھ ساتھ محنت کا بھی نتیجہ ہوتی ہے، مجھے شوبز انڈسٹری میں کسی نے متعارف نہیں کرایا بلکہ میں نے اپنی پہچان خود بنائی۔
اداکارہ نے کہا کہ مجھے بڑھتی عمر یا جسمانی وزن پر ہونے والی تنقید کی کوئی پروا نہیں، میں ایک عوامی شخصیت ضرور ہوں لیکن اپنی نجی زندگی کو بھی بے حد اہمیت دیتی ہوں۔
کاسمیٹک پروسیجرز کے حوالے سے متھیرا نے اعتراف کیا کہ میں نے ناک کی سرجری کروائی تھی کیونکہ ایک حادثے کے باعث میری ناک کی ہڈی متاثر ہو گئی تھی۔ یہ سرجری میں نے ترکیہ میں کروائی جبکہ میں وقتاً فوقتاً فلرز اور بوٹوکس بھی کرواتی ہوں، تقریباً 15 سال قبل معمولی نوعیت کی لیپوسیکشن بھی کروائی تھی۔
متھیرا کا مزید کہنا تھا کہ خواتین اتنی آسانی سے بوڑھی نہیں ہوتیں اور عمر بڑھنا ایک فطری عمل ہے، ہمارے معاشرے میں خواتین کی بڑھتی عمر کو غیر ضروری طور پر منفی انداز میں دیکھا جاتا ہے حالانکہ اس میں شرمندگی کی کوئی بات نہیں۔
