امریکا ایران کشیدگی، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
منڈی میں قدرتی گیس کی قیمت میں معمولی کمی دیکھی گئی جہاں اس کی قیمت 0.48 فیصد کم ہو گئی
امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی توانائی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں پاکستان میں بھی آئندہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر دباؤ بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
عالمی منڈی میں کروڈ آئل کی قیمت میں 3.7 فیصد اضافہ ہوا جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت بڑھ کر 81 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ دوسری جانب برینٹ کروڈ تقریباً 4 فیصد اضافے کے بعد 86.58 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔
مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے اثرات دیگر پیٹرولیم مصنوعات پر بھی نمایاں رہے۔ نیفتھا کی قیمت میں 7.5 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہیٹنگ آئل 5 فیصد سے زیادہ مہنگا ہو گیا۔
ادھر عالمی منڈی میں قدرتی گیس کی قیمت میں معمولی کمی دیکھی گئی جہاں اس کی قیمت 0.48 فیصد کم ہو گئی۔
ماہرین کے مطابق اگر مشرق وسطیٰ میں کشیدگی برقرار رہی تو عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے اثرات پاکستان سمیت درآمدی ایندھن پر انحصار کرنے والے ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
