فیفا ورلڈکپ 2026 کا فائنل کون کھیلے گا؟ سمپسنز کی پیش گوئی وائرل
وائرل ہونے والی پوسٹس میں1997 میں نشر ہونے والی قسط ’’دی کارٹیج فیملی‘‘ کا حوالہ دیا جارہا ہے۔
مشہور اینیمیٹڈ سیریز دی سمپسنز سے متعلق ایک پرانا منظر ایک بار پھر سوشل میڈیا پر گردش کررہا ہے جس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اس کارٹون نے فیفا ورلڈکپ 2026 کے فائنل کی پیش گوئی برسوں پہلے ہی کردی تھی تاہم دستیاب شواہد اس دعوے کی تصدیق نہیں کرتے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پوسٹس میں1997 میں نشر ہونے والی قسط ’’دی کارٹیج فیملی‘‘ کا حوالہ دیا جارہا ہے۔ اس منظر میں ایک ٹی وی اشتہار کے ذریعے میکسیکو اور پرتگال کے درمیان فٹ بال میچ کی تشہیر کی جاتی ہے جسے ’’زمین کی عظیم ترین قوم‘‘ کے تعین سے جوڑا جاتا ہے۔
The Simpsons Season 9, Episode 5 literally predicted a Portugal vs Mexico 2026 World Cup Final
The scriptwriters don’t miss. pic.twitter.com/VvPkvoBr1v
— Ohene🚶🏽 (@ik_ohene7) June 8, 2026
اسی منظر کی بنیاد پر متعدد صارفین نے یہ تاثر دیا کہ دی سمپسنز نے 2026 کے فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں میکسیکو اور پرتگال کے مدمقابل آنے کی پیش گوئی کی تھی۔
تاہم قسط کا جائزہ لینے سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ دعویٰ درست نہیں۔ وائرل ویڈیو اگرچہ اصل قسط کا حصہ ہے لیکن اس میں کہیں بھی 2026 کے فیفا ورلڈکپ کا ذکر نہیں کیا گیا اور نہ ہی یہ کہا گیا ہے کہ دکھایا گیا مقابلہ ورلڈکپ کا فائنل ہے۔
درحقیقت اس قسط میں صرف ایک فرضی فٹ بال میچ دکھایا گیا ہے جس کا کسی حقیقی عالمی ٹورنامنٹ سے کوئی تعلق نہیں۔
یہ دعویٰ پہلی مرتبہ سامنے نہیں آیا۔ اس سے قبل 2018 اور 2022 کے فیفا ورلڈکپ کے دوران بھی اسی نوعیت کے دعوے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تھے۔
رواں برس اس بحث نے دوبارہ اس وقت زور پکڑا جب میکسیکو فیفا ورلڈکپ 2026 کے میزبان ممالک میں شامل ہے جب کہ موجودہ ناک آؤٹ بریکٹ کے مطابق میکسیکو اور پرتگال کے فائنل میں آمنے سامنے آنے کا امکان بھی موجود ہے۔
This knockout bracket has aligned with the Simpsons’ Mexico 🇲🇽 vs Portugal 🇵🇹 final prediction. Both teams are on opposite sides of the bracket. Do you think this is possible?#FIFAWorldCup pic.twitter.com/8fTEzwy5yF
— The Foxxy 🦊One (@foxxydammie) June 28, 2026
واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ 2026 کا فائنل 19 جولائی کو امریکا کی ریاست نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
