ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ، ٹکٹوں کی فروخت نے نیا تاریخ ساز ریکارڈ قائم کر دیا
اس سے قبل یہ ریکارڈ 2020 میں آسٹریلیا میں ہونے والے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے پاس تھا
آئی سی سی کے زیر اہتمام ہونے والے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ نے ایونٹ شروع ہونے سے پہلے ہی مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کرنا شروع کر دیے ہیں شائقینِ کرکٹ کی غیرمعمولی دلچسپی کے باعث ٹکٹوں کی فروخت تاریخی سطح تک پہنچ گئی۔
اسپورٹس ذرائع کے مطابق اب تک ایونٹ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت تیزی سے جاری ہے اور آئی سی سی کو توقع ہے کہ جلد ہی ڈیڑھ لاکھ ٹکٹس فروخت ہونے کا سنگ میل عبور کر لیا جائے گا جو کسی بھی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں افتتاحی میچ سے قبل سب سے بڑی تعداد ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق اس سے قبل یہ ریکارڈ 2020 میں آسٹریلیا میں ہونے والے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے پاس تھا جہاں ایک لاکھ 36 ہزار 549 ٹکٹس فروخت ہوئی تھیں تاہم رواں ایڈیشن نے ایونٹ شروع ہونے سے تقریباً ایک ماہ پہلے ہی اس تعداد کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ٹورنامنٹ کا افتتاحی مقابلہ میزبان انگلینڈ اور سری لنکا کی خواتین ٹیموں کے درمیان برمنگھم میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستانی ویمنز ٹیم وارم اپ مرحلے میں 6 جون کو سری لنکا اور 9 جون کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف ڈربی میں میدان میں اترے گی۔
کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی ریکارڈ فروخت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ خواتین کرکٹ کی مقبولیت دنیا بھر میں تیزی سے بڑھ رہی ہے اور شائقین اس ایونٹ کو لے کر غیرمعمولی جوش و خروش رکھتے ہیں۔
