ریکارڈ ترسیلات زر، پاکستانیوں نے ڈالروں کی بارش کر دی، سب سے آگے کون سا ملک نکلا؟
برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے 587.3 ملین ڈالر جبکہ امریکہ سے 359.3 ملین ڈالر وطن بھیجے
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2026ء میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے وطن بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ کر دیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مارچ کے دوران ترسیلات زر کا حجم 3.8 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، جو فروری کے مقابلے میں 16.5 فیصد زیادہ ہے۔ یہ اضافہ ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026ء کے ابتدائی نو ماہ (جولائی تا مارچ) کے دوران مجموعی ترسیلات زر 30.3 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 8.2 فیصد زیادہ ہیں۔
ملک وار تفصیلات پر نظر ڈالیں تو سعودی عرب بدستور سرفہرست رہا، جہاں سے 918.4 ملین ڈالر پاکستان بھیجے گئے۔ اس کے بعد متحدہ عرب امارات سے 823.7 ملین ڈالر کی ترسیلات آئیں۔
اسی طرح برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے 587.3 ملین ڈالر جبکہ امریکہ سے 359.3 ملین ڈالر وطن بھیجے۔
