آبنائے ہرمز کھل گئی یا ابھی بند ہے؟ اصل حقیقت سامنے آگئی
شپنگ کمپنیاں اب بھی محتاط ہیں جبکہ کئی جہاز راستہ اختیار کرنے سے گریز کر رہے ہیں
خلیج میں کشیدگی کے بعد دنیا کی اہم ترین آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز کی بحالی سے متعلق متضاد دعوے سامنے آ گئے ہیں، جس نے عالمی منڈیوں اور بحری تجارت میں بے یقینی پیدا کر دی ہے۔
امریکہ کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز کھول دی گئی ہے اور صورتحال قابو میں ہے۔ پینٹاگون کے مطابق امریکی بحریہ خطے میں موجود ہے تاکہ معاہدے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
تاہم دوسری جانب ایران نے اس دعوے کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا مگر واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز ابھی مکمل طور پر بحال نہیں ہوئی۔ ایرانی حکام کے مطابق اسے مرحلہ وار اور محدود انداز میں کھولا جائے گا، جس کا فیصلہ آئندہ ایک دو روز میں متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران اس اہم گزرگاہ کو مکمل کھولنے سے پہلے امریکہ کے ساتھ متوقع مذاکرات کے نتائج دیکھنا چاہتا ہے۔ اس دوران بحری جہازوں کو ایرانی حکام سے پیشگی اجازت اور ہم آہنگی ضروری ہوگی۔
ماہرین کے مطابق فوری طور پر معمول کی صورتحال بحال ہونا مشکل ہے۔ شپنگ کمپنیاں اب بھی محتاط ہیں جبکہ کئی جہاز راستہ اختیار کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔ اندازوں کے مطابق مکمل بحالی میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی تیل سپلائی کا تقریباً 20 فیصد راستہ ہے، اور اس کی بندش نے پہلے ہی عالمی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
