سونے کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ؛ فی تولہ 5 لاکھ روپے سے تجاوز
فی تولہ سونے کی قیمت میں 15 ہزار 700 روپے کا اضافہ ہوا
کراچی: امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں پر نمایاں اثرات دیکھے جا رہے ہیں جس کے نتیجے میں سونے کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مقامی صرافہ مارکیٹ کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 15 ہزار 700 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد نئی قیمت 5 لاکھ 4 ہزار 162 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 13 ہزار 460 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد یہ بڑھ کر 4 لاکھ 32 ہزار 237 روپے ہو گئی ہے۔
دوسری جانب عالمی گولڈ مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے جہاں فی اونس سونا 157 ڈالر بڑھ گیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 4,814 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
