ایران پر جنگ کا سب سے بڑا حملہ کب ہو گا؟ ٹرمپ نے بتا دیا
ایران میں ایسا منظر دیکھنے کو ملے گا جو پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا، امریکی صدر
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف انتہائی سخت اور دھماکہ خیز بیان دیتے ہوئے خطے میں خطرے کی نئی لہر دوڑا دی ہے۔ اپنے سوشل میڈیا پیغام میں انہوں نے واضح الفاظ میں خبردار کیا کہ منگل کا دن ایران کیلئے تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔
امریکی صدر کے مطابق ایران میں بجلی گھروں اور پلوں کو بیک وقت نشانہ بنایا جائے گا، جبکہ انہوں نے آبنائے ہرمز کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو ایران کو “جہنم جیسی صورتحال” کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکی فوج نے ایک انتہائی خطرناک اور پیچیدہ آپریشن کے ذریعے ایرانی حدود سے ایک شدید زخمی ایف-15 پائلٹ کو بازیاب کروایا۔
ان کے مطابق یہ مشن کئی گھنٹوں پر محیط تھا جس کے دوران امریکی فورسز نے تقریباً 7 گھنٹے ایران کی فضائی حدود میں گزارے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی فوج اس کرنل رینک کے افسر کے بہت قریب پہنچ چکی تھی، مگر امریکی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے بحفاظت نکال لیا۔ ٹرمپ کے بقول اس نوعیت کا ریسکیو آپریشن تاریخ میں کم ہی دیکھنے کو ملا ہے۔
امریکی صدر نے اپنے پیغام میں کہا بس دیکھتے جاؤ، اور دعویٰ کیا کہ ایران میں ایسا منظر دیکھنے کو ملے گا جو پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔
ماہرین کے مطابق یہ بیان خطے میں کشیدگی کو انتہائی خطرناک سطح تک لے جا سکتا ہے، اور اگر صورتحال مزید بگڑی تو عالمی سطح پر اس کے سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
