آبنائے ہرمز جنگ پسندوں کیلئے تباہی کا راستہ بن سکتی ہے، ایران کا کرارا جواب
ایران دھمکیوں سے دبنے والا ملک نہیں اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، علی لاریجانی
ایران کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل علی لاریجانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عاشور سے محبت کرنے والی قوم کو کھوکھلی دھمکیوں سے مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔
اپنے سخت بیان میں علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی کئی افراد نے ایران کو دھمکیاں دینے اور بڑے دعوے کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ سب ناکام رہے۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اپنا خیال رکھو، کہیں ایسا نہ ہو کہ خود ہی مٹا دیے جاؤ۔
ایرانی عہدیدار نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ آبنائے ہرمز یا تو عالمی تجارت اور خوشحالی کی گزرگاہ بنے گی، یا پھر جنگ پسند عناصر کے لیے شکست اور مشکلات کا راستہ ثابت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران دھمکیوں سے دبنے والا ملک نہیں اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز کو بند رکھا تو اس پر موت، آگ اور قہر برسایا جائے گا اور امریکہ بیس گنا زیادہ سختی سے نمٹے گا۔
