جے سوریا کا سری لنکا کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان
جے سوریا نے اگرچہ باضابطہ طور پر سری لنکن کرکٹ کو آگاہ نہیں کیا، تاہم ان کا معاہدہ جون تک برقرار ہے
سری لنکا کے ہیڈ کوچ سنتھ جے سوریا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سابق کپتان اور موجودہ ہیڈ کوچ سنتھ جے سوریا نے پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ کے آخری میچ میں شکست کے بعد کہا کہ وہ اپنی مدت میں توسیع نہیں چاہتے اور یہ ٹورنامنٹ ان کی آخری اسائنمنٹ تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دو ماہ قبل ہی فیصلہ کر لیا تھا کہ زیادہ عرصہ اس عہدے پر نہیں رہیں گے۔
جے سوریا نے اگرچہ باضابطہ طور پر سری لنکن کرکٹ کو آگاہ نہیں کیا، تاہم ان کا معاہدہ جون تک برقرار ہے۔
مزید پڑھیں: سری لنکا اور نیوزی لینڈ کا میچ پاکستان کے لیے امید کی کرن
یاد رہے کہ سری لنکا کی افغانستان کے خلاف محدود اوورز سیریز 13 مارچ سے شیڈول ہے، لیکن مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی کے باعث اس سیریز پر بھی غیر یقینی صورتحال ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم کو بہتر پوزیشن تک لانے میں کامیاب رہے۔ ان کے دور میں سری لنکا نے اگست 2024 میں 27 برس بعد بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز جیتی، پھر ستمبر میں دی اوول میں ٹیسٹ میچ جیتا اور بعد ازاں نیوزی لینڈ کو ہوم سیریز میں 2-0 سے شکست دی۔
تاہم ان کے آخری سال میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کارکردگی مایوس کن رہی، خاص طور پر ہوم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مسلسل چار شکستوں کے بعد ایونٹ سے باہر ہونا بڑا دھچکا تھا۔
یاد رہے کہ جے سوریا اس سے قبل دو مختلف ادوار میں چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے ہیں۔
