ونیزا ستار سے شادی کی افواہوں پر شعیب ملک کا بیان سامنے آگیا
شعیب ملک نے شادی کی افواہوں کی تردید کردی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی اداکارہ ونیزا ستار سے چوتھی شادی سے متعلق افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، جس کے بعد انہوں نے باضابطہ وضاحت جاری کردی۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر یہ خبریں پھیلیں کہ شعیب ملک کی مبینہ چوتھی شادی اداکارہ ونیزا ستار سے ہوئی ہے، جو ڈرامہ سیریل لاڈلی سے مشہور ہیں۔
شعیب ملک نے اپنی شادی سے متعلق افواہوں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاملہ اس حد تک پہنچ گیا ہے کہ مجھے عوامی سطح پر وضاحت دینا پڑ رہی ہے۔
انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی کی ٹائم لائن بھی واضح کی اور کہا کہ ثانیہ مرزا سے ان کی علیحدگی 2023 میں باہمی رضامندی سے ہوئی، جس کے بعد انہوں نے تیسری شادی ثنا جاوید سے کی۔
اپنے بیان میں شعیب ملک نے کہا کہ میں ہمیشہ اپنی ذاتی زندگی کو نجی رکھنا چاہتا ہوں، میری خاموشی کو غلط سمجھا گیا ہے، دوسری شادی کے بعد بھی کچھ افراد نے میری ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے ایسے لوگوں سے تعلق جوڑنے کی کوشش کی جن سے میں کبھی ملا ہی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری اہلیہ کے خلاف بھی منفی تبصرے کیے گئے جو انتہائی قابلِ مذمت ہیں۔ میرا بیٹا اب اس عمر میں ہے کہ وہ یہ جھوٹی اور من گھڑت خبریں پڑھ سکتا ہے، اس لیے ایسی افواہیں میرے خاندان کو ذہنی پریشانی میں مبتلا کر رہی ہیں۔
شعیب ملک نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی یا کسی اور کی ذاتی زندگی سے متعلق جھوٹی معلومات پھیلانے سے گریز کریں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر افواہیں جاری رہیں تو میری ٹیم کی جانب سے متعلقہ افراد اور اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، بطور عوامی شخصیت تنقید برداشت ہے لیکن پرائیویسی میں مداخلت اور کردار کشی قابل قبول نہیں۔
