محسن نقوی کی سری لنکن وزیر کھیل سے ملاقات، کھیلوں کے فروغ کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاکستان کرکٹ بورڈ اور سری لنکن اسپورٹس حکام کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا
وفاقی وزیرداخلہ، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سری لنکا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سنیل کمارا گیمیج سے ملاقات کی جس میں کھیلوں خصوصاً کرکٹ کے فروغ کیلئے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں اشتراک بڑھانے اور کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کیلئے باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سری لنکن اسپورٹس حکام کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
مزید پڑھیں: محسن نقوی کی قومی ٹیم اور مینجمنٹ سے ملاقات؛ کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا
محسن نقوی نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں گرمجوشی بڑھ رہی ہے اور کھیلوں کے ذریعے یہ روابط مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے موقع پر بہترین انتظامات کو سراہتے ہوئے سری لنکا میں مہمان نوازی پر شکریہ بھی ادا کیا اور سری لنکن وزیر کھیل کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
اس موقع پر سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر فہیم العزیز، ایڈوائزر ٹو چیئرمین پی سی بی عامر میر، چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد اور پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر بھی موجود تھے۔
