ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاکستان اور امریکا آج شام مدمقابل ہونگے
گرین شرٹس نے اپنے پہلے میچ میں نیدر لینڈز کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی
پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا بارہواں میچ آج شام کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں سری لنکا کے شہر کولمبو میں مد مقابل ہونگی۔
دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے کولمبو میں ان ایکشن ہوں گی، قومی ٹیم نے گزشتہ روز میچ سے پہلے خامیوں کو دور کرنے کے لئے کولمبو میں بھرپور پریکٹس سیشن کیا۔
واضح رہے کہ گرین شرٹس نے اپنے پہلے میچ میں نیدر لینڈز کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی، جبکہ بھارت نے امریکا کو 29 رنز سے مات دی تھی۔
نیدرلینڈز اور نمیبیا میں بھی آج مقابلہ ہوگا، نیوزی لینڈ اور یو اے ای بھی آمنے سامنے ہوں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والی اس میچ کی خاص اور دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ امریکا کی ٹیم میں ایک پاکستانی کرکٹر بھی شامل ہے۔
آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی نے جسدیپ سنگھ کے ان فٹ ہونے کے بعد احسان عادل کو ٹیم میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
لاہور سے تعلق رکھنے والے احسان عادل 2015ء میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ورلڈ کپ کھیل چکے ہیں، وہ پاکستان کے لیے تین ٹیسٹ اور چھ ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں۔
