وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں باہمی تعلقات اور کرکٹ تعاون سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سری لنکن صدر نے وزیراعظم شہباز شریف سے درخواست کی کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سری لنکا میں منعقدہ ممکنہ پاک بھارت میچ کھیلنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے مشکل دور میں پاکستان نے سری لنکن کرکٹ کو بھرپور سپورٹ کیا اور اپنے دیرینہ تعلقات کو ہر چیز پر فوقیت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم نے سیکیورٹی خدشات کے باوجود سری لنکا کے دورے جاری رکھے جو دوطرفہ دوستی کی روشن مثال ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کے جذبات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی اس بات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے کہ مشکل ادوار میں سری لنکا نے پاکستان کا ساتھ دیا اور یہاں کرکٹ کی بحالی میں کردار ادا کیا۔
انہوں نے یاد دلایا کہ حالیہ دور میں بھی سری لنکن ٹیم نے پاکستان کا دورہ منسوخ نہ کرکے پاکستانی قوم اور کرکٹ شائقین کے لیے ایک ناقابلِ فراموش اقدام اٹھایا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے سری لنکن صدر کی درخواست پر 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
