اسلام آباد: شادی والے گھر میں سلنڈر دھماکہ؛ دلہا دلہن سمیت 6 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
اسلام آباد کے سیکٹر G-7/2 میں ایک گھر میں شادی کی تقریب جاری تھی
اسلام آباد کے سیکٹر G-7/2 میں ایک گھر میں گیس سلنڈر پھٹنے کے نتیجے میں ہولناک حادثہ پیش آیا، جہاں شادی کی تقریب جاری تھی۔ دھماکے کے باعث دلہا اور دلہن سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ قریبی چار گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو اداروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور ملبے تلے دبے 15 افراد کو باہر نکالا گیا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صاحبزادہ محمد یوسف موقع پر پہنچے اور بتایا کہ ریسکیو کیے گئے افراد میں سے 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور کے نائن یونٹ اور جدید آلات کی مدد سے ملبے کی مکمل چیکنگ کی جا رہی ہے، تاہم واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ موجود ہے جبکہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔
