آسٹریلیا نے پانچواں ایشز ٹیسٹ جیت کر سیریز 4-1 سے اپنے نام کرلی
آخری دن انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوش ٹنگ نے 42 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں اور مزاحمت کی کوشش کی
سڈنی: آسٹریلیا نے کچھ اعصابی لمحات کے باوجود پانچویں اور آخری ایشز ٹیسٹ میں انگلینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 4-1 سے جیت لی۔
میزبان ٹیم نے 160 رنز کا ہدف آخری دن چائے کے وقفے سے قبل حاصل کرلیا۔
آخری دن انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوش ٹنگ نے 42 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں اور مزاحمت کی کوشش کی، تاہم ایلکس کیری نے کیمرون گرین کے ساتھ مل کر میچ ختم کیا۔ کیری نے کورز کے ذریعے چوکا لگا کر آسٹریلیا کو فتح دلائی۔
انگلینڈ کی جانب سے کپتان بین اسٹوکس کی عدم موجودگی میں 160 رنز کا دفاع مشکل ثابت ہوا، اگرچہ سڈنی کی پچ پر پانچویں دن بیٹنگ نسبتاً آسان رہی اور سیریز میں دوسری بار آخری دن مقابلہ دیکھنے کو ملا۔
Congratulations to our Australian Men’s Cricket Team on securing the NRMA Insurance Ashes series 4-1 🇦🇺#Ashes pic.twitter.com/0VWis6gA5P
— Cricket Australia (@CricketAus) January 8, 2026
آسٹریلوی اوپنرز نے ہدف کو 100 سے کم رنز تک پہنچایا، تاہم ٹریوس ہیڈ، جنہوں نے پہلی اننگز میں 567 رنز کے مجموعے کی بنیاد رکھنے والی اپنی تیسری سنچری اس سیریز میں بنائی تھی، 29 رنز بنا کر جوش ٹنگ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
جیک ویذرالڈ 34 رنز بنا کر ایک بار پھر ٹنگ کا شکار بنے، لنچ کے وقت آسٹریلیا کو فتح کے لیے 89 رنز درکار تھے۔
انگلینڈ کو آخری بار آسٹریلیا میں ایشز سیریز جیتے 15 سال اور ایک دن گزر چکا ہے، جب 2010-11 میں اسی میدان پر انہوں نے آخری ٹیسٹ ایک اننگز اور 83 رنز سے جیتا تھا۔
عثمان خواجہ صرف 6 رنز بنا کر ٹنگ کی گیند پر بولڈ ہوگئے، جبکہ مارنس لبوشین کو 20 رنز پر زندگی ملی مگر وہ فائدہ نہ اٹھا سکے اور 37 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
آخر میں ایلکس کیری 16 اور کیمرون گرین 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو کامیابی تک پہنچایا۔
اس سے قبل انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز 302-8 سے دوبارہ شروع کی، مگر مچل اسٹارک نے بیتهل کو 154 رنز پر آؤٹ کر کے بڑا دھچکا لگایا۔ بیتهل کی شاندار پہلی ٹیسٹ سنچری نے انگلینڈ کو اننگز کی شکست سے بچایا۔
اسٹارک نے جوش ٹنگ کو بھی آؤٹ کر کے انگلینڈ کی اننگز 342 رنز پر ختم کی۔ اسٹارک نے میچ میں 3-72 کی کارکردگی دکھائی اور پوری سیریز میں 31 وکٹیں حاصل کیں۔
