سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی ختم
عالمی تجارت سے متعلق معطل شدہ ایس آر او دوبارہ بحال کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد: فاقی کابینہ کی منظوری کے بعد حکومت نے سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی ختم کردی ہے اور عالمی تجارت سے متعلق معطل شدہ ایس آر او دوبارہ بحال کر دیا ہے۔
حکومت نے قیمتی دھاتوں اور زیورات کی تجارت کے قواعد میں چند ترامیم بھی کی ہیں، تاہم مجموعی فریم ورک شفافیت اور خودکار نظام کی بہتری کے ساتھ برقرار رہے گا۔
یاد رہے کہ رواں سال مئی میں سونے کی اسمگلنگ کی شکایات پر اس کی درآمد و برآمد پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ وزارتِ تجارت نے 6 مئی 2025 کو سونے کی تجارت منظم کرنے والا ایس آر او 60 روز کے لیے معطل کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق حالیہ مہینوں میں اسمگلنگ کی مزید شکایات موصول نہ ہونے پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: سونے کی قیمت میں پھر بڑی کمی؛ فی تولہ سونا کتنے کا ہوگیا؟
ادارہ شماریات کے مطابق جون اور جولائی میں سونے کی کوئی درآمد ریکارڈ نہیں ہوئی جبکہ مئی میں صرف 9 کلوگرام سونا درآمد کیا گیا تھا، جس کی مالیت 9 لاکھ 27 ہزار ڈالر تھی۔ اس کے مقابلے میں جولائی 2024 میں درآمدات 22 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی تھیں۔
تاہم، ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر جیولری ایکسپورٹ انڈسٹری کے تحفظ کے لیے ایس آر او 760 کی فوری بحالی کی اپیل کی تھی۔
