فلپائن کے جنوبی علاقے میں آج صبح شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد حکام نے ساحلی علاقوں کے لیے سونامی کی وارننگ جاری کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق زلزلہ جزیرے منڈاناؤ کے مشرقی ساحل پر آیا، جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.4 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے باعث کئی عمارتیں لرز اٹھیں اور شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 43 منٹ پر محسوس کیا گیا اور اس کا مرکز ڈواؤ اوریئنٹل صوبے کے شہر سینٹیاگو سے تقریباً 20 کلومیٹر مشرق میں واقع تھا جبکہ زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
فلپائن انسٹیٹیوٹ آف وولکینولوجی اینڈ سیسمولوجی (PHIVOLCS) نے تصدیق کی ہے کہ آئندہ دو گھنٹوں میں بحرالکاہل کے ساحلی علاقوں میں ایک میٹر تک اونچی لہریں اٹھنے کا امکان ہے۔
تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم حکام نے ساحلی بستیوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
