دوحہ: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ خاقان فدان سے ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور ترک وزیر خارجہ خاقان فدان کی ملاقات دوحہ میں ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال اور فلسطین کے مسئلے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان اور ترکی نے قطر سمیت دیگر ممالک پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی اور فلسطینی عوام کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اس موقع پر فلسطینی عوام کے ساتھ غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مسلم امہ کے اجتماعی ردعمل کی ضرورت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار اور خاقان فدان نے او آئی سی اور عرب لیگ کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان پلیٹ فارمز کو مؤثر انداز میں متحرک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پاکستان اور ترکی نے عرب اسلامک سمٹ کے انعقاد کا خیر مقدم بھی کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ مسلم دنیا کو متحد ہو کر فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرنی چاہیے۔