اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف آج دوحہ میں منعقد ہونے والی ہنگامی عرب اسلامی سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے قطر روانہ ہو گئے۔
یہ اجلاس اسرائیل کے حالیہ فضائی حملوں اور فلسطین میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں بلایا گیا ہے، جس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے سربراہان مملکت اور اعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔
مزید پڑھیں: شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کیلیے خصوصی ریلیف پیکج کا اعلان کردیا
وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور اسرائیل کی جانب سے قطر اور دیگر علاقائی ریاستوں کے خلاف جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے قطر کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے قطری قیادت سے ملاقات بھی کی۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے 11 ستمبر 2025 کو بھی دوحہ کا دورہ کیا تھا تاکہ خطے میں یکجہتی اور علاقائی اتحاد کو فروغ دیا جا سکے۔