پاکستان کے لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم نے پاک بھارت کھلاڑیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دباؤ اور شور و شرابے کو نظرانداز کرتے ہوئے ایشیاکپ 2025 کے اہم میچ سے لطف اندوز ہوں۔
مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ کے بعد پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں ایشیاکپ 2025 میں پہلی بار مدمقابل آئیں گی جب کہ یہ پائی وولٹیج میچ اتوار کو دبئی میں کھیلا جانا ہے۔
چار ماہ قبل دونوں ممالک کے درمیان فوجی کشیدگی نے تعلقات کو کئی دہائیوں کی نچلی سطح پر پہنچا دیا ہے جب کہ بھارت نے اس میچ کے بائیکاٹ کے مطالبات کو رد کرتے ہوئے ٹیم میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ 2008 کے ممبئی حملوں کے بعد سے دونوں ٹیموں کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی گئی ہے۔
ایشیاکپ میں ہونے والے پاک بھارت مقابلے پر پاکستان کے لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم نے کہا کہ ’’یہ کرکٹ کا کھیل ہے، بس اس سے لطف اٹھائیں۔ ایک ٹیم جیتے گی اور دوسری ہارے گی اور یہی کھیل کا اصول ہے‘‘۔
انہوں نے کھلاڑیوں کو نصیحت کی کہ وہ دباؤ کو برداشت کریں، نظم و ضبط دکھائیں اور صرف کھیل پر توجہ دیں۔
خیال رہے کہ تقریباً 25 ہزار تماشائیوں کی دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی توقع ہے۔ اس حوالے سے وسیم اکرم کہتے ہیں کہ وہ اپنے کیریئر کے دوران ایسے دباؤ والے لمحوں سے لطف اندوز ہوتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی نسبتاً ناتجربہ کار ٹیم کو بڑے منظرنامے پر نظر رکھنی چاہیے اور صرف بھارت کے خلاف جیت کو ہدف بنانے کے بجائے پورے ایشیاکپ میں بہتر کارکردگی دکھانے پر توجہ دینی چاہیے۔
وسیم اکرم کے مطابق اس وقت پاکستان کے پاس موقع ہے کیونکہ وہ حال ہی میں افغانستان اور متحدہ عرب امارات کے خلاف سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت چکے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ میچ ایک طرفہ نہیں ہوگا جیسا کہ بھارت نے اپنے ابتدائی میچ میں یو اے ای کے خلاف صرف 4.3 اوورز میں ہدف حاصل کرکے خود کو ثابت کیا ہے۔
واضح رہے کہ ایشیاکپ میں پاکستان نے بھی فاتحانہ آغاز کے ساتھ عمان کو 93 رنز سے شکست دی ہے۔