پنجاب کے علاقے رحیم یار خان کی حدود سے نامعلوم مسلح افراد نے موٹروے سے کار سوار 2 افراد کو اغوا کرلیا۔
بول نیوز کے مطابق رحیم یارخان کے قریب موٹروے ایم فائیو پر مسلح افراد نے کار سواروں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی اور دو افراد کو اغوا کر لیا۔ ذرائع کے مطابق مغوی افراد کا تعلق نوابشاہ سے ہے۔
کار میں سوار لیاقت آرائیں نے بتایا کہ مسلح افراد نے اچانک ان کی گاڑی پر فائرنگ کی اور ان کے بھائی عمران خان اور بیٹے عمر فاروق کو اغوا کر لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے اور میری بیوی کو بھی نیچے اتارا گیا، جہاں پہلے ہی 10 سے 15 افراد یرغمال بنائے گئے تھے۔
لیاقت آرائیں نے مزید بتایا کہ حملہ آور انہیں اور ان کی اہلیہ کو چھوڑ گئے لیکن بھائی اور بیٹے کو اپنے ساتھ لے گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور پولیس نے مغویوں کی بازیابی کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔