وفاقی حکومت نے پانچ برسوں میں ایندھن کی مد میں کتنے اخراجات کیے؟
مالی سال 21-2020 سے 25-2024 تک وفاقی وزارتوں اور اداروں کے ایندھن کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
اسلام آباد: وفاقی وزارتوں اور اداروں کی جانب سے گزشتہ پانچ مالی سال کے دوران ایندھن کی مد میں ہونے والے اخراجات کی تفصیلات پارلیمنٹ میں پیش کردی گئی ہے،
دستاویز کے مطابق مالی سال 21-2020 سے 25-2024 تک وفاقی وزارتوں اور اداروں کے ایندھن کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا جب کہ مالی سال 25-2024 میں سب سے زیادہ 21 ارب 77 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔
مالی سال 24-2023 میں ایندھن کی مد میں 15 ارب 67 کروڑ روپے خرچ ہوئے جب کہ 23-2022 میں یہ اخراجات 15 ارب 66 کروڑ روپے رہے۔
مالی سال 24-2023 کے مقابلے میں 25-2024 کے دوران ایندھن کے اخراجات میں 39 فیصد اضافہ ہوا۔ مالی سال 21-2020 میں وفاقی وزارتوں اور اداروں نے ایندھن پر 7 ارب 52 کروڑ روپے خرچ کیے جب کہ 22-2021 میں یہ اخراجات بڑھ کر 8 ارب 35 کروڑ روپے ہوگئے۔
یوں پانچ مالی سال کے دوران ایندھن کی مد میں ہونے والے مجموعی اخراجات 68 ارب 97 کروڑ روپے تک پہنچ گئے جب کہ گزشتہ مالی سال میں اخراجات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
