ساتویں ایف کلاس عالمی چیمپئن شپ میں پاکستان رائفل ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہم کامیابیاں سمیٹ لیں۔پاکستانی رائفل ٹیم ساتویں ایف کلاس عالمی چیمپئن شپ میں انفرادی عالمی چیمپئن اور ٹیم مقابلے کی رنراپ رہی۔
پاکستان نے ایف کلاس شوٹنگ میں انفرادی عالمی چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ اور ٹیم مقابلے میں چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔لیفٹیننٹ جنرل احسن گلریز کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے موسمی دشواری کے باوجود شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔بسلی برطانیہ میں منعقدہ ساتویں ایف کلاس عالمی چیمپئن شپ میں 24 ممالک کے 207 بہترین لانگ رینج شوٹرز نے شرکت کی۔
12 سے 13 اگست کو 800، 900 اور 1000 یارڈز کے انفرادی مقابلوں کے بعد 15 اور 16 اگست کو ایف ٹی آر ٹیم کا مقابلہ ہوا۔12رکنی پاکستانی ٹیم نے انفرادی مقابلوں میں 4 طلائی، 4 چاندی اور 5 کانسی کے تمغے جیت کر چیمپئن شپ میں سب سے زیادہ ایف ٹی آر تمغے حاصل کئے۔
پاکستانی ٹیم نے ایف ٹی آر کیٹیگری میں چیمپئن شپ کے دوران سب سے زیادہ تمغے جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔لیفٹیننٹ کرنل جنید علی نے 207 حریفوں کو پیچھے چھوڑ کر انفرادی ایف ٹی آر عالمی چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
