امریکا ایران کشیدگی کے اثرات؛ پاکستان اسٹاک مارکیٹ دباؤ کا شکار
عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت ہفتے کے دوران 90 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگئی
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران مندی کا رجحان غالب رہا جس کے نتیجے میں ہنڈرڈ انڈیکس میں 0.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے دوران مجموعی طور پر مندی کا رجحان دیکھا گیا جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 0.7 فیصد کمی کے بعد 180 ہزار 105 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جبکہ ہفتہ وار بنیادوں پر بینچ مارک انڈیکس میں 1325 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں دباؤ کی بڑی وجوہات امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال سے متعلق غیر یقینی عوامل رہے۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت ہفتے کے دوران 90 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگئی تاہم بعد ازاں قیمت تقریباً 86 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں اوسط یومیہ کاروباری حجم 13 فیصد اضافے کے بعد 1.1 ارب حصص تک پہنچ گیا جس سے سرمایہ کاروں کی مارکیٹ میں شرکت میں ہفتہ وار بنیادوں پر بہتری ظاہر ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق مثبت بیرونی اور معاشی پیش رفت نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو کسی حد تک سہارا دیا جبکہ مضبوط کارپوریٹ نتائج بھی مارکیٹ کے لیے جزوی طور پر معاون ثابت ہوئے۔
ہفتے کے دوران آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن، آئل مارکیٹنگ، بینکنگ اور فرٹیلائزر سیکٹرز میں مثبت رجحان دیکھا گیا جبکہ پاور جنریشن اور سیمنٹ کے شعبے دباؤ کا شکار رہے۔ آٹو موبائل سیکٹر میں مجموعی طور پر رجحان غیرجانبدار رہا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ قلیل مدت میں اسٹاک مارکیٹ میں محتاط رجحان برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ خام تیل کی قیمتیں اور جغرافیائی سیاسی صورتحال مارکیٹ کی سمت متعین کرنے والے اہم عوامل ہوں گے۔
