بغیر میسی کے انٹر میلان کی ٹیم کو مونٹیری کے ہاتھوں شکست کا سامنا
دونوں ٹیموں نے لیونل میسی کے والد جارج میسی کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی
ارجنٹائن کے لیجنڈ فٹبالر لیونل میسی والد کے انتقال کے باعث انٹر میامی کے لیگ کپ میچ میں شرکت نہ کرسکے جہاں میامی کو مونٹیری کے ہاتھوں 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ کے آغاز سے قبل دونوں ٹیموں نے لیونل میسی کے والد جارج میسی کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جو ارجنٹینا میں 68 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ میسی اسی دوران اپنے والد کی آخری رسومات کے لیے ارجنٹینا پہنچ گئے تھے۔
انٹر میامی نے اپنے کپتان اور میسی خاندان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دل لیو اور پوری میسی فیملی کے ساتھ ہیں۔
میچ میں انٹر میامی نے شاندار آغاز کیا اور ارجنٹینی مڈفیلڈر روڈریگو ڈی پال نے 32ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو 1-0 کی برتری دلائی۔
گول کے بعد ڈی پال نے اپنی نمبر 7 کی شرٹ اتار کر نیچے پہنی ہوئی نمبر 10 شرٹ دکھائی جو لیونل میسی کے لیے خراجِ عقیدت اور حمایت کا اظہار تھا۔
تاہم مونٹیری نے دوسرے ہاف میں مقابلہ برابر کردیا، بیلجیئم کے اسٹرائیکر ہیوگو کوئپرز نے 47ویں منٹ میں گول کرکے اسکور 1-1 کردیا، جبکہ یوروگوئے کے کھلاڑی ڈیگو روسی نے 90ویں منٹ میں فیصلہ کن گول کرکے مونٹیری کو فتح دلا دی۔
میجر لیگ ساکر کی دفاعی چیمپئن انٹر میامی نے لیگ کپ کا آغاز اس سے قبل اٹلیٹیکو سان لوئس کو 4-2 سے شکست دے کر کیا تھا، جبکہ اب ٹیم کا اگلا مقابلہ لیون کے خلاف بدھ کو ہوگا۔
